این ڈی ایس ’’را‘‘ گٹھ جوڑ: داعش اور تحریک طالبان کی ’پاکستان‘ کیخلاف خوفناک منصوبہ بندی کا انکشاف، الرٹ جاری

اسلام آباد (ش ح ط) عالمی کالعدم تنظیم داعش اور کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کا بھارتی خفیہ ایجنسی را کے ساتھ مل کر پاکستان اور روس کے تعلقات کو دہشتگردی کے ذریعے ناکام اور نقصان پہنچانے کا منصوبہ بندی کا انکشاف ہوا ہے۔ اس حوالے سے ملک کے اعلیٰ ترین سیکیورٹی ادارے نے تھریٹ الرٹ جاری کردیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارت اپنے مذموم مقاصد کیلئے پاکستان میں رہائش پذیر روسی شہریوں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے تاکہ کسی طرح بڑھتے ہوئے پاک، روس تعلقات کو نقصان پہنچایا جاسکے۔

اس حوالے سے گزشتہ روز سیکیورٹی اداروں کو اطلاع ملی ہے کہ عالمی دہشت گرد تنظیم داعش (ISIS) اور کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان (TTP) بھارتی خفیہ ایجنسی را کے کتھ جوڑ سے پاکستان میں رہنے والے روسی شہریوں، سفارتکاروں کو اغواء، سرحدوں پر جاری باڑ کے کام کو نشانہ بنانے، محرم الحرام کے دوران اہل تشیع افراد، امام بارگاہوں، ہزارہ برادری، مزارات اور عرس کی تقریبات کو نشانہ بنا سکتا ہے۔

مزید برآں سیکیورٹی ذرائع کے مطابق لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بڑھتی پاک، بھارت کشیدگی کے پیش نظر بھارت پاکستان پر اندرونی طور پر پریشر ڈالنے کے لئے سیکیورٹی اداروں کو داعش (آئی ایس آئی ایس) اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی دہشت گردی کی کارروائیوں میں الجھا کر غیر ملکیوں، سفارتخانوں سیاحوں، سفارتکاروں کو نشانہ بنانے کی بھی منصوبہ بندی کررہا یے۔

اس تمام صورتحال کے پیش نظر سیکیورٹی اداروں نے پورے ملک میں ریڈ الرٹ جاری کردیا اور تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں اور اہلکاروں کو ہمہ وقت چوکنا رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں تاکہ دشمن ملک کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا جاسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں