میڈیا و آزادی اظہار پر حملے ہو رہے ہیں ہم بقا کی جدوجہد کرینگے، بلاول بھٹو زرداری

کراچی(ویب ڈیسک/ نیوز ایجنسی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہےکہ میری بہت سی باتوں کو کوریج نہیں دی جاتی کیوں کہ فریڈم آف پریس نہیں ہے، میڈیا میں بیروزگاری بڑھ رہی ہے، پیپلز پارٹی میڈیا ملازمین کے ساتھ کھڑی ہے، وہ قدم بڑھائیں گے تو ہمیں اپنے ساتھ پائیں گے۔

گزشتہ روز کراچی پریس کلب میں بلاول بھٹو زرداری نے آزادی اظہارِ رائے پر لگنے والی قدغن کی مذمت کرتے ہوئے میڈیا ملازمین کو ساتھ کھڑے رہنے کی یقین دہانی کروادی،انہوں نے کہا کہ اس وقت میڈیا اور اظہارِ آزادی پر حملے ہو رہے ہیں، تاہم ہمیں اس کی بقا کے لیے جدوجہد کرنی ہے۔

چیئرمین پی پی پی نے پریس کلب کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ملک میں پریس کلب نہ ہوتے تو شاید جمہوریت بھی نہ ہوتی،ہمیں غیر جمہوری قوتوں کے خلاف جدوجہد کرنی ہے، کراچی پریس کلب نے جمہوریت کی مضبوطی میں کلید ی کردار ادا کیا ہے ،اگر پریس کلب نہ ہوتے تو جمہوریت کی بحالی کی تحریک ( ایم آر ڈی) اے آر ڈی اور دیگر تحریکوں کا کامیاب ہونا ناممکن تھا۔

ہمیں پریس کلب کو مضبوط بنانا ہے، آزادی اظہار رائے اور فریڈم آف ایکسپریشن کا تحفظ کرنا ہے جس کے لیے ہمیں پریس کلب کو مضبوط کرنا ہوگا۔

میڈیا بحران کا ذکر کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میڈیا ہائوسز مسلسل اپنے ملازمین کو فارغ کررہے ہیں، میڈیا اور پی پی پی میں جمہوریت کی مضبوطی کے حوالے سے قریبی تعلق ہے جو مزید مضبوط ہوگا۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ میں ہر شہر میں جاکر پریس کلب کا دورہ کروں گا، صحافیوں نے جمہوریت کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں، ہم ان قربانیوں کو فراموش نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کی بیروزگاری کے حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ صوبائی لیول پر میڈیا ہائوسز سے بات کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں