لاہور (ڈیلی اردو) ملک بھر میں پولیس، رینجرز اور پاک فوج کی جانب سے محرم الحرام کے موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
9 محرم الحرام پر موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے اور جلوس کے روٹس پر موبائل فون سروس بھی معطل ہے۔ عبادت گاہوں، مجالس ، امام بارگاہوں اور مساجد کے اطراف اسنیپ چیکنگ کی جارہی ہے جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کے زریعے مانیٹرنگ بھی جاری ہے۔
تمام حساس علاقوں اور راستوں کو کنٹینر و خاردار تاریں لگاکر سیل کردیا گیا ہے جبکہ ملک میں تمام دفاتر، دکانیں اور بازار مکمل طور پر بند ہیں۔
ہیلی کاپٹرز کی مدد سے جلوس والے علاقوں میں فضائی نگرانی کی جارہی ہے جبکہ موبائل پٹرولنگ اور موٹر سائیکل گشت بھی کیا جارہا ہے۔ جلوس کے راستوں پر بلند عمارتوں کی چھتوں پر سیکیورٹی اہلکار اور اسنائپرز تعینات ہیں۔
جلوس کی سیکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے لیا جائے گا جبکہ جلوس کے تمام راستے کی جدید ٹیکنالوجی اور روبوٹ سے بھی سرچنگ کرائی جائے گی اور تمام عزاداروں کو تلاشی کے بعد جلوس میں شامل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔ انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ جلوس کے دوران کسی قسم کے ناخوش گوار واقعے سے بچنے کے لیے سیکیورٹی اداروں سے مکمل تعاون کریں۔