شہدائے کربلا کی یاد میں لاہور کی نثار حویلی سے شب عاشور کا مرکزی جلوس برآمد

لاہور (ڈیلی اردو) حضرت امام حسین سمیت شہدائے کربلا کی یاد میں آج ملک بھر میں یوم عاشور پر شبیہ علم اور ذوالجناح کے جلوس نکالے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں 10 محرم الحرام کا مرکزی جلوس نثار حویلی سے برآمد ہوکر مقررہ راستوں پر گامزن ہے۔ شب زوالجناح کا مرکزی جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتاہوا کل شام کربلا گامے شاہ پہنچے گا جہاں مجلس شام غریباں برپا کی جائے گی۔

جلوس کے شرکا شہدا کربلا کےغم میں ماتم اور نوحہ خوانی کررہے ہیں۔ جلوس محلہ شیعاں، لال کھوہ، چوک نواب صاحب، کشمیری بازار، رنگ محل اور اندرون بھاٹی گیٹ سے ہوتا ہوا مغرب کے وقت کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔

جلوس کے راستوں پر 6 ہزار پولیس اہلکار اور رضا کار ڈیوٹی دے رہے ہیں، جلوس میں شامل ہونے والوں کی میٹل ڈی ٹیکٹرز سے چیکنگ کی جارہی ہے اور واک تھرو گیٹس بھی لگائے گئے ہیں، عزاداروں کی تواضع کے لیے لنگر کا انتظام کیا گیا ہے۔

جلوس کی حفاظت کیلئے صوبائی انتظامیہ نے سخت اقدامات کئے ہیں، پولیس کے ساتھ ساتھ رینجرز اور پاک فوج کے دستے بھی سٹینڈ بائی ہیں تا کہ کسی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے جبکہ فضائی نگرانی کے علاوہ کلوز سرکٹ کیمرے بھی نصب کئے گئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں