افغانستان امن عمل کیلئے مشاورت کا حصہ بننے کو تیار ہیں: ایران

تہران (ڈیلی اردو) ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہا ہے کہ معصوم شہریوں کا قتل عام روکنے اور معاہدے کے مقاصد حاصل کرنے کیلیے ایران افغانستان میں موجود تمام جنگی فریقین کے ساتھ مشاورت اور بات چیت کے عمل کا حصہ بننے کے لیے تیار ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے امریکا کو پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ جارحیت پسند اور قابض اپنی شکست تسلیم کرکے افغانستان سے نکل جائیں۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ شکست خوردہ غیر ملکی افغانستان چھوڑیں اور بھائیوں کا بھائیوں کے ہاتھوں قتل ختم کریں۔

جواد ظریف نے خبردار کیا کہ غیر ملکی اور جارحیت پسند افغانستان میں اس نئی صورتحال سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں جس سے قتل و غارت گری کی ایک نئی لہر شروع ہوگی۔

جواد ظریف نے تعاون اور کوششوں کے حوالے سے ایران کی تیاری کو بھی اجاگر کیا جس کا مقصد افغان طالبان اور امریکا کے درمیان مصالحت کے معاہدے کو بچانا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم افغانستان کی خودمختاری کا احترام کرتے ہیں اور زور دیتے ہیں کہ کوئی بھی امن عمل افغان عوام کی خواہشات کے مطابق ہونا چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں