وہاڑی: میلسی سے 6 روز قبل اغوا ہونے والے صحافی ظفر عباس کی تشدد زدہ لاش برآمد

میلسی (نمائندہ ڈیلی اردو) صوبہ پنجاب کے ضلع وہاڑی کی تحصیل میلسی سے چھ روز قبل اغوا ہونے والے صحافی کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق میلسی سے 7 نیوز کے نمائندے ظفر عباس کو 6 روز قبل کچھ نامعلوم افراد نے اغوا کرلیا تھا۔ مقتول کو گھر سے فون کر کے مجلس کی کوریج کے لئے بلایا گیا تھا۔ مقامی صحافی کے بھانجے آفتاب حسین نے کارروائی کیلئے تھانہ مترو میں درخواست دیدی لیکن چھ روز تک اہل خانہ اور صحافیوں کی درخواستوں کے باوجود پولیس اپنی روایتی اور بے حسی کا مظاہرہ کرتی رہی۔

جس کے بعد پولیس تھانہ مترو میں مقدمہ تو درج ہو گیا مگر پولیس نے سستی کا مظاہرہ کیا اور ظفر کو بازیاب نہ کروا سکی تاہم کئی روز گزر جانے کے بعد اغوا کاروں نے صحافی ظفر عباس کو بے دردی سے قتل کردیا۔

ذرائع کے مطابق ظفر عباس کے جسم کو استری سے جلایا گیا اور وحشیانہ تشدد کیا گیا۔ جسم پر زخموں کے واضع نشانات پائے گئے ہیں۔

سفاک ملزمان نے ظفر عباس کو بے رحمی سے قتل کرنے کے بعد نعش کو کنویں میں پھینک دیا۔ پولیس اور ریسکیو 1122 نے نعش کو کنویں سے نکال کر پوسٹمارٹم کیلئے مقامی ہسپتال منتقل کردیا۔

نمائندہ ڈیلی اردو کے مطابق تھانہ مترو پولیس نے حقائق سے باخبر ہوتے ہوئے بااثر ملزمان کو گرفتار کر کے سیاسی اثر و رسوخ کی بیناد پر چھوڑ دیا تھا۔

گزشتہ روز ڈی پی او وہاڑی سے صحافیوں کی ملاقات کے بعد ملزمان کو دوباره گرفتار کیا گیا تو انہوں نے مقتول کی ڈیڈ باڈی ریکور کروا دی۔ مقامی صحافی تنظیموں کا تھانہ مترو پولیس اور ڈی پی او وہاڑی کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں