امریکا میکسیکو سرحد پر 450 میل لمبی فولادی باڑ کی تعمیر شروع

واشنگٹن (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسی) صدر ٹرمپ کی انتظامیہ نے ریاست ایریزونا میں میکسیکو کی سرحد پر فولادی باڑ لگانے کا آغاز کر دیا ہے اور یوما کے علاقے میں تعمیراتی سامان پہنچایا جا رہا ہے، ایک تعمیراتی ٹیم بھی وہاں پہنچ چکی ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق جہاں یہ باڑ تعمیر کی جائے گی وہاں سڑک سے چند فٹ کے فاصلے پر دریائے کولوراڈو کا خشک پاٹ ہے۔ تقریباً 9 کلومیٹر باڑ کا حصہ یہاں بنایا جائے گا۔ باڑ کی اونچائی 30 فٹ ہو گی۔

یوما کے جنوب میں جہاں باڑ لگائی جا رہی ہے، وہاں پانچ میل کا وہ علاقہ بھی شامل ہے جس کے بارے میں صدر ٹرمپ کو تشویش رہی ہے اور اپنی انتخابی مہم کے دوران وہ کہتے رہے ہیں کہ غیر قانونی تارکین وطن کی ایک بڑی تعداد یہ بارڈر عبور کر کے امریکہ میں داخل ہوتی ہے۔

ٹرمپ چاہتے ہیں کہ پوری جنوبی سرحد پر اونچی اور ناقابل عبور باڑ لگا دی جائے تاکہ میکسیکو کے راستے سے آنے والے غیر قانونی تارکین وطن کو روکا جا سکے۔

صدر ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ نے اس ہفتے کہا تھا کہ 2020ء کے آخر تک تقریباً 2000 میل لمبی سرحد پر ساڑھے چار سو سے پانچ سو میل کے درمیان باڑ کھڑی کر دی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں