لندن (ڈیلی اردو) چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات کا کہنا ہے کہ بھارت نے پورے یورپ کی افواج سے زیادہ فوج مقبوضہ کشمیر میں تعینات کر رکھی ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات کے اعزاز میں ورلڈ اوورسیز کانگریس آف پاکستانیز نے عشائیہ دیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جنرل زبیر محمود حیات نے کہا کہ ہندوستان نے پورے یورپ کی افواج سے زیادہ فوجی کشمیر میں تعینات کر رکھے ہیں،ہرچار کشمیریوں پر ایک بھارتی فوجی کھڑا ہے۔
جنرل زبیر محمود حیات نے بتایا کہ بچوں کو رات گئے ان کی ماؤں سے چھینا جا رہا ہے، بھارتی فوج کشمیریوں پر ہر طرح کے ظلم وستم ڈھارہی ہے،آٹھ ماہ کی بچی بھی بھارتی فوج کے ہاتھوں بینائی سے محروم ہوچکی ہے۔
چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے لندن میں اوورسیز پاکستانیوں سے خطاب میں کہا کہ ہٹلر نے جو جرمنی میں کیا وہ بھارت کشمیر میں کر رہا ہے، اب عمل کا وقت آچکا ہے اس کے لئے اوورسیز پاکستانی آزادی کشمیر کیلئے بھرپور کردار ادا کریں۔
جنرل زبیر محمود حیات کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے تئیس ہزار سے زیادہ جوان زخمی ہوئے جبکہ ہم نے افغانستان میں مستقل امن کی خاطر پاک افغان بارڈر پر فوج مستقل تعینات کردی ہے۔
اپنے خطاب میں چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی کا کہنا تھا کہ کلبھوشن یادیو صرف جاسوس نہیں بلکہ ٹیرر ونگ لیڈر تھا، وہ دہشت گردوں کو اسلحہ اور رقم بھی مہیا کرتا تھا۔