بھارت کی ایل او سی کے مختلف سیکٹرز پر بلااشتعال فائرنگ، پاک فوج کا جوان اور خاتون شہید، 6 زخمی

مظفر آباد + راولپنڈی (ڈیلی اردو/نمائندہ ڈیلی اردو) آزاد جموں و کشمیر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے مختلف سیکٹروں پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کا جوان اور ایک خاتون شہید ہوگئی۔ جبکہ عورتوں سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی فوج نے کنٹرول لائن پر حاجی پیر، نکیال اور جندروٹ سیکٹروں میں شہری آبادی کو بلااشتعال فائرنگ کا نشانہ بنایا ہے۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق حوالدار ناصر حسین، حاجی پیر سیکٹر میں فائرنگ کے دوران شہید ہوئے۔

خیال رہے کہ ناصر حسین گزشتہ 3 روز کے دوران حاجی پیر سیکٹر میں شہید ہونے والے پاک فوج کے دوسرے جوان ہیں۔ان سے قبل سپاہی غلام رسول بھی بھارتی فورسز کا نشانہ بن کر شہید ہوگئے تھے جن کا تعلق پنجاب کے علاقے بہاولنگر سے تھا

بھارتی فوج کی جانب سے نکیال اور جندروٹ کے علاقوں میں بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں ایک خاتون شہید اور 4 خواتین سمیت 6 افراد زخمی ہوئے۔

بالاکوٹ گائوں کی رہائشی 40 سالہ فاطمہ بی بی بھارتی فائرنگ میں شہید ہوئی۔ زخمیوں کو ضروری علاج معالجے کے لئے قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں