ملتان (ڈیلی اردو) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ جب دو ایٹمی قوتیں ایک دوسرے کے آمنے سامنے آجائیں تو دنیا خاموش نہیں رہ سکتی اور نہ ہم دنیا تو خاموش رہنے دیں گے۔ اگر کشمیر کے حل کیلئے ہم تنہا بھی ہوجائیں تب بھی ہم کمشیریوں کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے۔
ملتان میں رنگیل پور کے علاقے میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج دنیا کے کسی بھی ملک چلیں جائیں، بھارتی موقف کو مسترد اور پاکستانی موقف کی تائید کی جارہی ہے۔ بھلے ہم دنیا بھر میں اکیلے ہی کیوں نہ رہ جائیں، کشمیریوں کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے۔
وزیر خارجہ نے نریندر مودی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کیا مودی میں اتنی ہمت ہے کہ وہ کشمیر میں جلسہ کر کے کشمیریوں کی حمایت حاصل کرسکے؟ آج بھارتی سپریم کورٹ بھی نریندر مودی کے سامنے بے بس نظر آتی ہے۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ ماضی میں مسئلہ کشمیر اجاگر نہیں کیا گیا۔ کمشیریوں کو ذبح کیا جاتا رہا لیکن اب اس عمل کا تدراک ہونا چاہیے۔ دنیا دیکھے گی کہ پاکستان اقوام متحدہ میں کشمیر کی جنگ کیسے لڑتا ہے۔