خطے میں امریکا کی موجودگی غیر قانونی ہے: ایرانی صدر حسن روحانی

تہران (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسی) ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی کا کہنا ہے کہ خطے میں امریکا کی موجودگی ناپسندیدہ، غیر قانونی اور مداخلت کرنے والی ہے۔

ترکی روانگی سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے حسن روحانی کا کہنا تھا کہ امریکا اپنی موجودگی کو خطے کے مسائل کی وجہ سمجھنے کے بجائے خطے کے ممالک اور یمن کے جنگجوؤں کو ذمہ دار قرار دیتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شام میں امریکا کی موجودگی نے مستقل اس علاقے کو غیر محفوظ کر رکھا ہے، اس خطے کے مسائل خطے کے ممالک کے درمیان بات چیت اور سمجھوتوں سے حل ہونے چاہئیں۔

ایرانی صدر نے یہ بھی کہا کہ یمن اور شام میں امریکا کی موجودگی مسائل کی وجہ ہے، ہمیں اگرخطے میں حقیقی استحکام چاہیے تو امریکا کی اس خطے میں مداخلت ختم ہونی چاہیے۔

واضح رہے کہ ایرانی صدر حسن روحانی انقرہ میں شام کے حوالے سے ہونے والی سہ فریقی کانفرنس میں شرکت کے لیے ترکی پہنچ گئے ہیں۔

ترکی، روس اور ایران کے سربراہان کے درمیان سہ فریقی اجلاس آج انقرہ میں ہو رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں