سعودی تیل حملے کے جواب کیلئے نشانے، ہتھیار اور فوج تیار ہیں: امریکی صدر ٹرمپ

واشنگٹن (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ سعودی تنصیبات پر حملہ ہوا ہے، مجرم کو جانتے ہیں، مگر سعودی عرب سے جاننے کے منتظر ہیں۔

تفصیلات کے مطابق امریکی صدر نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ سعودی عرب کی آئل سپلائی پر حملہ کیا گیا ہم مجرم کو جانتے ہیں، ہم مکمل طور پر مسلح اور ہدف کا تعین بھی کر رکھا ہے، صرف تصدیق چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا سعودی عرب سے سننے کے منتظر ہیں کہ وہ کسے حملے کا ذمے دار سمجھتا ہے اور کن شرائط پر ہمیں آگے بڑھنا چاہیے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب کی تیل تنصیبات پر ہفتے کے علی الصبح ہونے والے حملوں کے باعث مملکت کی کل پیداوار کا نصف معطل ہو کر رہ گیا ہے جو عالمی منڈی کا چھ فیصد ہے۔

سعودی عرب کی تیل تنصیبات پر ہونے والے حملوں کی ذمہ داری حوثی باغیوں نے قبول کی تھی جب کہ امریکہ کے سیکریٹری خارجہ اور سابق ڈائریکٹر امریکن سی آئی اے مائیک پومپیو نے دعویٰ کیا تھا کہ حملے حوثی باغیوں نے نہیں کیے ہیں بلکہ ان کا براہ راست ذمہ دار ایران ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے عائد کردہ الزامات کی سختی سے تردید کی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں