امن کانفرنس: اسفند یار ولی خان 3 روزہ دورے پر آج افغانستان روانہ ہونگے

پشاور (ڈیلی اردو) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان آج بروز منگل افغانستان کے تین روزہ دورے پر روانہ ہونگے جہاں وہ افغان صدر اشرف غنی کے ہمراہ امن کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ امن کانفرنس تین روز تک جاری رہے گی، اے این پی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین اور اے این پی بلوچستان کے صدر اصغر خان اچکزئی بھی ان کے ہمراہ ہونگے۔

روانگی سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے اسفندیار ولی خان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں مسائل کے حل کیلئے پاکستان کو کلیدی کردار ادا کرنا چاہئے، انہوں نے کہا کہ افغانستان کے مسئلے کا حل فوجی نہیں صرف مصالحت ہے، الزام تراشی اور بداعتمادی کے ماحول سے نکلنا بہت ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مشترکہ دشمنوں نے دو طرفہ تعلقات کو نقصان پہنچایا۔

افغان بحران کی وجہ سے پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہوا، اسفند یار ولی خان نے کہا کہ اے این پی ایک پر امن اور مستحکم افغانستان کی حمایت کرتی آئی ہے، پر امن اور خوشحال افغانستان خطے کے مفاد میں ہے،انہوں نے کہا کہ پائیدار امن کیلئے پاک افغانستان مقاصد مشترک ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں