شام: اسرائیلی جنگی طیاروں کی البوکمال کے نزدیک بمباری

دمشق (ڈیلی اردو) شام میں اسرائیلی جنگی طیاروں نے عراق کی سرحد کے نزدیک البوکمال کے علاقے میں ایرانی ٹھکانوں اور مراکز کو نشانہ بنایا ہے۔

رواں ماہ ستمبر میں یہ اپنی نوعیت کا دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل البوکمال میں اسرائیلی حملوں میں ایرانی فورسز اور عراقی ملیشیاؤں کے 18 اہلکار شہید ہو گئے تھے۔

اسرائیلی اخبار “ہآرٹز” کی جانب سے بھی کہا گیا ہے کہ پیر کی شب ایران کی حمایت یافتہ ملیشیاؤں کو عراق اور شام کے درمیان سرحد پر فضائی حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق عراقی شامی سرحد سے ملحق گذرگاہ کے نگراں نے پیر اور منگل کی درمیانی شب مقامی وقت کے مطابق ساڑھے بارہ بجے کے قریب دھماکوں کی آوازیں سنے جانے کی تصدیق کی۔ تاہم دھماکوں کی نوعیت کے بارے میں معلوم نہیں ہو سکا۔

عراق کے صوبے الانبار کی مقامی حکومت کے ایک سیکورٹی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ صوبے کے مغرب میں عراق کی سرحدی پٹی کے نزدیک واقع شام کے علاقے البوکمال کو شدید دھماکوں نے ہلا کر رکھ دیا۔

امریکی خبر رساں ایجنسی نے شامی اپوزیشن کی ایک جماعت کے حوالے سے بتایا کہ حملوں میں ایرانی القدس بریگیڈ اور لبنانی حزب اللہ کی فورسز کے ہتھیاروں کے ایک ڈپو کو نقصان پہنچا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں