پشاور: وزیر اعلیٰ محمود خان کا طورخم بارڈر کا ہنگامی دورہ

پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے طورخم کے مقام پر پاک افغان سرحد کا ہنگامی دورہ کیا جہاں انھوں نے پاک افغان سرحد 24 گھنٹے کھولنے کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا۔ یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کل پاک افغان سرحد 24 گھنٹے کھولنے کا باقاعدہ افتتاح کریں گے جس سے دونوں ممالک کے درمیان نہ صرف تعلقات میں بہتری آئے گی بلکہ دونوں ممالک سمیت وسطی ایشیاء تک تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملنے کے ساتھ ساتھ پاکستانی برآمدات میں اضافہ ممکن ہو گا۔ اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ درہ خیبر کا مقام صدیوں سے تجارتی مرکز رہا ہے۔

 جس سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کے لیے وزیراعظم عمران خان کی ہدایات کے مطابق سرحد 24 گھنٹے کے لیے کھولی جارہی ہے جس سے قبائلی عوام سے کیا گیا ایک اور وعدہ پایہ تکمیل تک پہنچ جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہماری حکومت کی خواہش ہے کہ افغانستان سمیت وسطی ایشیا کے ممالک کے ساتھ تجارتی روابط قائم کئے جائیں جس سے پورے خطے میں ترقی اور خوشحالی کا ایک نیا دور شروع ہوگا۔

 قبائلی اضلاع میں ہسپتالوں کی بہتری اور صوبائی حکومت کی ایک سالہ کارکردگی کے حوالے سے صحافیوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت بہت جلد اپنی کارکردگی عوام کے سامنے رکھے گی اور واضح کیا کہ موجود حکومت کی کارکردگی تمام صوبوں سے بہتر رہی ہے جبکہ قبائلی اضلاع کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں بہت جلد انقلابی اصلاحات متعارف کی جائیں گی جسے قبائلی اضلاع کے عوام کو صحت سہولیات ان کی دہلیز پر  میسر ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کو ابتک دیئے جانے والے تمام اہداف موثر انداز میں حاصل کئے گئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں