12

وزیراعظم عمران خان کا سویڈن ہم منصب اسٹیفن لوف وِن سے ٹیلی فونک رابطہ، مسئلہ کشمیر پر گفتگو

اسلام آباد (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسی) وزیراعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات سے پیدا شدہ سنگین صورتحال کو نمایاں کرتے ہوئے کہا ہے کہ بین الاقوامی برادری بھارت پر بین الاقوامی انسانی حقوق معاہدوں کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کے لئے زور دے۔

انہوں نے یہ بات سویڈن کے وزیراعظم اسٹیفن لوف وِن سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت اور آبادیاتی ہیئت تبدیل کرنے کے لئے بھارت کی جانب سے 5 اگست کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کو اجاگر کیا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ اقدامات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہیں۔ انسانی حقوق کی سنگین صورتحال کو نمایاں کرتے ہوئے وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر میں 45 روز سے جاری لاک ڈاؤن اور کرفیو کو فوری طور پر اٹھانے، نقل و حرکت کی پابندیاں ختم کرنے، انسانی ہمدردی کی تنظیموں کو رسائی کی فراہمی اور کشمیری عوام کے حقوق اور آزادی کے احترام پر زور دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ بین الاقوامی برادری بھارت پر زور دے کہ وہ بین الاقوامی انسانی حقوق معاہدوں کے تحت اپنی ذمہ داریوں کی پاسداری کرے۔

سویڈن کے وزیراعظم نے انسانی حقوق کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کشیدہ صورتحال میں کمی اور بات چیت کے ذریعے مسائل کے حل کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ دونوں رہنمائوں نے خطے میں امن و استحکام کے لئے مل کر کام کرنے اور رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں