افغانستان: زابل میں طالبان کا ہسپتال پر خودکش ٹرک بم دھماکا، بچوں اور عورتوں سمیت 30 افراد شہید، 90 زخمی

کابل (ڈیلی اردو) افغانستان کے صوبے زابل میں طالبان دہشت گردوں کا ہسپتال پر خودکش ٹرک بم دھماکے میں بچوں اور عورتوں سمیت 30 سے زائد شہری شہید اور 90 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

افغان میڈیا کے مطابق زابل کے مرکزی شہر قلات میں سرکاری ہسپتال کی عمارت کے قریب بم دھماکا ہوا۔ خودکش حملہ آور نے بارود سے بھرا ٹرک دھماکے سے اڑادیا جس کے نتیجے میں 30 شہری شہید اور 90 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

لاشوں اور زخمیوں کو علاقے کے مختلف علاقوں کے ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا جہاں متعدد زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے جس کی وجہ سے شہادتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

افغان حکام نے بتایا کہ دھماکا سرکاری ہسپتال میں ہوا۔ خودکش حملہ آور حساس ادارے کے دفتر کو نشانہ بنانا چاہتا تھا لیکن وہاں پہنچنے میں ناکام رہا جس کے بعد اس نے ایک ہسپتال کو نشانہ بنایا، شہدا اور زخمیوں میں خواتین، بچے، طبی عملہ، مریض اور ان کے تیماردار شامل ہیں۔

طالبان نے ہسپتال پر ہونے والے خودکش حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں