امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی رہائش گاہ کے قریب فائرنگ، ایک شخص ہلاک، 5 زخمی

واشنگٹن (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسی) واشنگٹن امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں فائرنگ کے واقعے میں ایک شخص ہلاک اور پانچ زخمی ہوگئے ہیں۔ جب کہ فائرنگ کرنے والا ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق فائرنگ کا واقعہ جمعرات کی شب تقریباً 10 بجے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی رہائش گاہ وائٹ ہاؤس سے تین کلو میٹر کی دوری پر پیش آیا۔ جس میں ایک شخص کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔

میٹرو پولیٹن پولیس کمانڈر اسٹارٹ ایمرمین کے مطابق کولمبیا روڈ پر رہائشی عمارت کے باہر پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے میں پانچ افراد زخمی بھی ہوئے جن میں سے دو کی حالت تشویش ناک ہے۔

اُن کے بقول فائرنگ کرنے والے ملزم کو ابھی گرفتار نہیں کیا جاسکا۔ جس کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔ تاہم فائرنگ کا مقصد معلوم نہیں ہوسکا ہے۔

میٹرو پولیٹن پولیس کا کہنا ہے کہ عینی شاہدین سے پوچھ گچھ شروع کردی ہے اور جائے وقوعہ کے اطراف کے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزم کی شناخت کی کوششیں کی جارہی ہیں۔

امریکی پولیس کا کہنا ہے کہ عینی شاہدین اور کیمرہ فوٹیج کی مدد سے معاملے کی مزید تفصیل جمع کی جا رہی ہے۔

فائرنگ کے واقعے کے بعد پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور زخمیوں کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں