برطانوی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن 14 سے 18 اکتوبر تک پاکستان کا سرکاری دورہ کرینگے

لندن + اسلام آباد (ڈیلی اردو/ نیوز ایجنسی) برطانوی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن 14 سے 18 اکتوبر تک پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔

شاہی محل نے جمعہ کو شاہی جوڑے کے دورہ پاکستان کا اعلان کر دیا۔

شاہی محل کی جانب سے جاری ٹویٹ میں اعلان کیا گیا ہے کہ برطانوی شاہی جوڑا 14 سے 18 اکتوبر تک سرکاری دورے پر پاکستان آئے گا۔ اس سلسلہ میں مزید تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔

ترجمان دفتر خارجہ نے برطانوی شاہی جوڑے کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام اگلے ماہ برطانوی شاہی جوڑے کے دورے کے شدت سے منتظر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین گہرے اور خوشگوار تعلقات قائم ہیں اور یہ دورہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا ایک اور موقع فراہم کرے گا۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ یہ شہزادہ ولیم اور کیٹ میڈلٹن کا پاکستان کا پہلا دورہ ہو گا تاہم شاہی خاندان کے دیگر افراد ماضی میں پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں۔

شہزادہ ولیم کی والدہ پرنسز آف ویلز شہزادی ڈیانا نے ماضی میں پاکستان کا دورہ کیا تھا جبکہ برطانیہ کی ملکہ الزبتھ دوئم نے 1961ء اور 1997ء میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ ان کے علاوہ پرنس آف ویلز شہزادہ چارلس اور ڈچز آف کارن وال 2006ء میں پاکستان آئے تھے۔

ملکہ برطانیہ بھی 2 بار پاکستان کا دورہ کر چکی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں