سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کو بڑی تباہی سے بچا لیا

کوئٹہ (نمائندہ ڈیلی اردو) کوئٹہ کے علاقے مشرقی بائی پاس پر سڑک کنارے نصب بم برآمد ہوا ہے جسے بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ناکارہ بنا دیا جبکہ سکیورٹی فورسز نے تربت میں کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے نواحی علاقے مشرقی بائی پاس پر شیر جان اسٹاپ کے قریب موبائل فونز کی دکان کے ساتھ نامعلوم افراد نے دیسی ساختہ بم نصب کر رکھا تھا۔

وہاں سے گزرنے والے ایک شہری نے نصب بم کو مشتبہ جان کر پولیس کو اطلاع دی جنہوں نے موقع پر پہنچ کر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کر لیا۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بم کو ناکارہ بنا کر تخریب کاری کی کوشش ناکام بنا دی ہے جبکہ پولیس اور دیگر حکام بم نصب کرنے والے ملزمان کے متعلق تحقیقات کر رہے ہیں۔

دریں اثنا ضلع تربت میں سیکیورٹی فورسز نے بڑی تعداد میں اسلحہ، بارود، ڈیٹو نیٹر، وائرلیس سیٹ اور دھماکوں میں استعمال ہونے والا دیگر سامان برآمد کرلیا۔

ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ضلع تربت کے علاقے بلنگور میں کارروائی کرتے ہوئے بڑی تعداد میں دھماکہ خیز مواد اور دھماکوں میں استعمال ہونے والا دیگر مواد برآمد کرلیا ہے۔

برآمد ہونے والے اسلحے میں بارود، ڈیٹو نیٹر، وائرلیس سیٹ، سیکیورٹی فورسز کی وردیاں، گاڑیوں کے جعلی نمبر پلیٹس اور دھماکوں میں استعمال ہونے والا دیگر سامان شامل ہے جو کسی بڑے حملے میں استعمال ہونا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں