وزیراعظم عمران خان کی برطانوی ہم منصب بورس جانسن سے ملاقات

نیویارک (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسی) وزیراعظم عمران خان نے برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن سے ملاقات کی ہے۔ یہ ملاقات نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 74 ویں اجلاس کے موقع پر ہوئی۔ دونوں رہنماﺅں نے باہمی، علاقائی اور دوطرفہ دلچسپی کے کئی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے برطانوی وزیراعظم کو مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے آگاہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری انسانی حقوق اور انسانی صورتحال کی سنگینی اور اس کے اثرات سے نمٹنے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔

وزیراعظم نے جموں و کشمیر تنازعہ کے پر امن حل میں سہولت اور امن و سلامتی کے خطرات سے نمٹنے کے لئے فوری طور پر کرفیو اور دیگر پابندیاں اٹھانے پر زور دیا۔

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے کہا کہ برطانیہ اس صورتحال پر نگاہ رکھے ہوئے ہے اور اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ دونوں رہنماﺅں نے قریبی رابطے پر اتفاق کیا۔ دونوں ممالک کے وزرائے اعظم نے افغان امن عمل اور مفاہمتی عمل سمیت علاقائی اہمیت کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے سیاسی، تجارتی اور معیشت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں