10

شمالی وزیرستان: سروے ٹیم پر فائرنگ، 2 ایف سی اہلکاروں سمیت 6 افراد شہید، 4 زخمی

میران شاہ (ڈیلی اردو) خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کے تحصیل سپن وام میں میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے 2 ایف سی اہلکاروں سمیت 6 افراد شہید جبکہ 4 اہلکار زخمی ہوگئے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق فائرنگ منگل کے روز ماڑی پیٹرولیم کے اہلکاروں پر سروے کے دوران ہوئی جس کے نتیجے میں 2 ایف سی اہلکار اور 4 عام شہری شہید جبکہ 4 اہلکار زخمی ہوگئے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق شہید اہلکاروں میں نائک گل رحیم اور سپاہی ذیشان شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں حوالدار صدر، لانس نائک رحمان، سپاہی جہانگیر اور سپاہی نعمت شامل ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ زخمیوں اہلکاروں اور شہدا کی جسد خاکی کو مقامی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردی ہے۔

جبکہ کسی بھی گروپ نے فوری طور پر اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں