چمن (ڈیلی اردو) صوبہ بلوچستان کے سرحدی شہر چمن میں جمیعت علما اسلام ف کے مرکزی رہنما مولانا محمد حنیف کی نماز جنازہ ملت آباد میں ادا کردی گئی۔ نماز جنازہ میں سیاستدانوں، عسکری حکام اور کارکنوں سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
نماز جنازہ میں جے یو آئی ف کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع، پشتونخوا میپ کے صوبائی صدر اور سینیٹر عثمان کاکڑ، بلوچستان اسمبلی میں اے این پی کے پارلیمانی لیڈر اصغرخان اچکزئی، سابق صوبائی وزیر رحیم زیارت وال، کمانڈنٹ ایف سی کرنل خرم جاوید، ڈپٹی کمشنر بشیر احمد بڑیچ سمیت جمعیت علما اسلام کے ہزاروں کارکنوں نے شرکت کی۔ مولانا حنیف کی نماز جنازہ ان کے بیٹے حافظ محمد قاسم نے پڑھائی۔ نماز جنازہ کے موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔
مولانا حنیف شہید کی تدفین ان کے آبائی علاقے ملت آباد کے قبرستان میں کی گئی۔ دوسری طرف مولانا حنیف کی شہادت کیخلاف بلوچستان کے شہروں میں شٹرڈاون ہڑتال کی جارہی ہے۔