اسرائیل کی تباہی ’’قابل حصول ہدف‘‘ ہے: کمانڈر پاسداران انقلاب حسین سلامی

تہران (ڈیلی اردو) ایران کی سپاہِ پاسداران انقلاب کے کمانڈر حسین سلامی نے کہا ہے کہ ان کا ملک اپنے دشمنوں پر کہیں بھی حملہ کر سکتے ہے جبکہ اسرائیل کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

ایران کی نیم سرکاری خبررساں ایجنسی فارس کے مطابق پاسداران انقلاب کے کمانڈر نے سوموار کو ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’اسرائیل کی تباہی ایک ’’قابل حصول ہدف‘‘ ہے۔ آج ہم دشمن پر کہیں اور کسی بھی شدت کے ساتھ حملہ آور ہو سکتے ہیں۔ اس کو کسی بھی علاقے میں ٹھیک ٹھیک نشانہ بنا سکتے ہیں۔‘‘

انھوں نے کہا کہ ’’اسلامی انقلاب کے پہلے مرحلے میں ہم نے غیر قانونی صہیونی نظام کو تباہ کرنے کی صلاحیت حاصل کی لیکن دوسرے مرحلے میں ہمیں اس رجیم کو دنیا کے جغرافیے سے مٹا دینا چاہیے۔ یہ ہدف اب کوئی خواب نہیں رہا ہے اور ایک قابل حصول ہے۔‘‘

حسین سلامی ماضی میں بھی دشمنانِ ایران کے خلاف اسی قسم کی دھمکیاں جاری کرچکے ہیں۔ انھوں نے اگلے روز خبردار کیا تھا کہ ’’جو ملک بھی ایران پر حملہ آور ہوگا تو جواب میں اسی کو میدان جنگ بنا دیا جائے گا۔‘‘

واضح رہے کہ فروری 2019ء میں ایران میں انقلاب کی چالیسویں سالگرہ کے موقع پر رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای کی ویب سائٹ پر ’’انقلابی بیان کا دوسرا مرحلہ ‘‘ کے عنوان سے ایک دستاویز جاری کی گئی تھی۔ اس میں خامنہ ای کی ہدایات کی روشنی میں ریاست کے مستقبل میں رہ نما اصول بیان کیے گئے تھے۔

اس دستاویز میں خامنہ ای نے خارجہ پالیسی، معیشت اور طرزِ زندگی سمیت مختلف امور کے بارے میں ’’نصیحتیں‘‘ کی تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں