بغداد (ڈیلی اردو) عراق کی انٹیلی جنس ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ عالمی سامراجی طاقتوں اور علاقہ کے رجعت پسند بعض عرب ممالک نے معروف شیعہ عالم دین آیت اللہ سید علی سیستانی کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا تھا جسے ناکام بنا دیا گیا ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گرد نیٹ ورک کو گرفتار کرلیا۔
عراقی نیوز المیادین چینل نے نجف شہر کے گورنر کے حوالہ سے خبر دی ہے کہ عراقی سیکیورٹی فورسز اور خفیہ ایجنسیوں نے آیت اللہ سیستانی کے گھر کے اطراف سے ایک دہشتگرد نیٹ ورک کو گرفتار کرلیا ہے۔
نجف اشرف کے گورنر لؤی یاسر نے مزید بتایا کہنا ہے کہ ایک دہشت گرد نیٹ ورک دینی مرجع آیت اللہ سید علی سیستانی کو قتل کرنے کے منصوبے سے نجف اشرف میں داخل ہوا، جسے گرفتار کرلیا گیا ہے اور اس دہشت گرد گروہ کی دینی مرجع کے خلاف گھناؤنی سازش کو ناکام بنادیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اربعین کے عظیم پیدل مارچ کو متاثر کرنے کے لئے عالمی سامراجی طاقتوں اور علاقہ کے رجعت پسند بعض عرب ممالک نے مشترکہ منصوبہ بنا رکھا ہے جس کے تحت عراق کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری کیا گیا لیکن عراقی عوام کو جب اس گھناؤنی سازش کا علم ہوگیا تو انھوں نے اپنے آپ کو اغیار کی سازشوں سے جدا کرکے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنادیا ہے۔