کراچی میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، جند اللہ کا دہشت گرد گرفتار، خودکش جیکٹ برآمد

کراچی (ڈیلی اردو) سی ٹی ڈی نے کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم جنداللہ کے مطلوب دہشت گرد کو گرفتار کرلیا۔ ملزم سے خودکش جیکٹ اور ہینڈ گرنیڈ برآمد کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم جنداللہ کے مطلوب دہشت گرد محمد اسحاق عرف گل کو گرفتار کرلیا،ملزم سے خودکش جیکٹ اور دستی بم برآمد کئے گئے۔

انچارج سی ٹی ڈی راجا عمرخطاب کا کہنا ہے محمد اسحاق عرف گل کانام ریڈبک میں شامل ہے، ملزم افغانستان کے راستے بلوچستان اور اندرون سندھ آیا، ملزم کراچی میں بڑی دہشت گردی کی کاروائی کےلیے داخل ہوا۔

راجا عمرخطاب کے مطابق اسحاق کالعدم لشکر جھنگوی کے عطاالرحمان عرف نعیم بخاری کا پڑوسی تھا، ملزم 2006 میں کالعدم تنظیم جند اللہ میں شامل ہوا، افغانستان سے تربیت لی، گرفتار ملزم کیخلاف متعدد مقدمات درج ہیں۔

سی ٹی ڈی کا کہنا ہے جنداللہ نےکراچی کے ہوٹل کے باہر 2 دھماکےکیے جبکہ پولیس اورقانون نافذکرنےوالےاداروں پرحملےمیں ملوث ہے، جند اللہ نے کراچی میں کور کمانڈر کراچی پر حملہ کیا تھا۔

سی ٹی ڈی انچارج کے مطابق محمد اسحاق 2008 میں پولیس مقابلے کے بعد افغانستان میں روپوش تھا، گرفتاردہشت گرد کے کئی ساتھی ہلاک اور کئی گرفتار ہیں۔

یاد رہے چند روز قبل خیبر پختونخوا کے ضلع ایبٹ آباد میں سی ٹی ڈی ہزارہ نے یہ اہم کارروائی کی اس موقع پر داعش کا نیٹ ورک چلانے والا مبینہ دہشت گرد مجیب الرحمان گرفتار کیا تھا، گرفتار مبینہ دہشت گرد کراچی اور پنجاب میں بڑی دہشت گردی کی کاروائیوں میں ملوث تھا جن میں ٹارگٹ کلنگ، بم دھماکوں، بینک ڈکیتیوں سمیت سنگین دہشت گردی کی وارداتیں شامل تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں