یوم یکجہتی کشمیر آج ملک بھر میں جوش وخروش سے منایا جارہا ہے

اسلام آباد (ڈیلی اردو) کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے آج ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا جارہا ہے۔

مرکزی تقریب ڈی چوک اسلام آباد پرہوگی۔ انیس سو نوے سے ہرسال پانچ فروری کو یوم یکجہتی کشمیر ملک بھرمیں جوش وخروش سے منایا جاتا ہے، اس دن کو منانے کا مقصد بھارتی مظالم کا شکار کشمیریوں کی حمایت کرنا ہے۔

اس سلسلے میں مرکزی تقریب ڈی چوک اسلام آباد پرہوگی، صبح دس بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کر کے شہدائے کشمیرکو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ بھارت کی ریاستی دہشت گردی اور مظلوم کشمیریوں کی قربانیاں اجاگر کرنے کیلئے شہرشہرریلیاں نکالی جائیں گی، آزاد کشمیر اور ملک بھر میں ریلیاں نکالی جائیں گی۔

پاکستان کی اس بے لوث حمایت کو کشمیری رہنما بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں، آج کے دن دنیا کے مختلف ممالک میں رہنے کشمیری حق خودارادیت کے لیے اقوام عالم کی جانب دیکھ رہے ہیں اور پاکستانی عوام اپنی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت لیے ان کے شانہ بشانہ ہیں۔

اس دن کی مناسبت سے ملک بھر میں ثقافتی پروگرام منعقد کیےجارہے ہیں جبکہ تعلیمی اداروں میں خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے اس موقع پر کنٹرول لائن پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنانے کے ساتھ اقوام متحدہ کے دفتر میں یادداشت بھی پیش کی جاتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں