پاک فوج کا شاہ کوٹ، نوسیری اور جوڑا سیکٹرز پر بھارتی فوج کی فائرنگ کا منہ توڑ جواب، 9 بھارتی فوجی ہلاک

اسلام آباد (ش ح ط) پاک فوج نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارت کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی پر موثر جواب دیتے ہوئے 9 بھارتی فوجیوں کو ہلاک، متعدد کو زخمی اور کئی بنکرز کو تباہ کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل آصف غفور نے ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ پاک فوج نے لائن آف کنٹرول پر سیکٹر شاہ کوٹ، نوسہری اور جوڑا میں بھارت کی جانب کی گئی جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا موثر جواب دیا۔

فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا ایک سپاہی اور 3 شہری شہید جب کہ 2 سپاہی اور 5 شہری زخمی ہوگئے، پاک فوج کے منہ توڑ جواب پر بھارتی فوج کے 9 سپاہی ہلاک اور دشمن کے 2 بنکرز تباہ کردیئے گئے۔ زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں ہر ممکن طبی سہولت مہیا کی جارہی ہے۔

ترجمان کے مطابق بھارت کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کے جواب میں کئی بھارتی چیک پوسٹیں بھی تباہ کی گئی ہیں۔ پاک فوج کے مطابق بھارت کی جانب سے گزشتہ شب سے ہی لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اشتعال انگیزی کا سلسلہ جاری تھا۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بھارتی فوج نے جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنایا، بھارت دہشت گردوں کے مبینہ کیمپوں کو نشانہ بنانے کا جھوٹ چھپانے کے لیے معصوم شہریوں کو نشانہ بنارہا ہے۔ اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین برائے بھارت و پاکستان اور مقامی و غیر ملکی میڈیا نمائندگان کو آزاد کشمیر میں مکمل رسائی حاصل ہے جب کہ مقبوضہ کشمیر میں انہیں یہ آزادی حاصل نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں