‘بھارتی آرمی چیف کا آزاد کشمیر میں 3 مبینہ کیمپ تباہ کرنے کا دعویٰ مایوس کن ہے’: ڈی جی آئی ایس پی آر

راولپنڈی (ڈیلی اردو) ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارتی آرمی چیف کا آزاد کشمیر میں 3 ٹریننگ کیمپ تباہ کرنے کا دعویٰ مایوس کن ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ بھارتی آرمی چیف ایک ذمہ دار عہدے پر فائز ہیں۔ ان کا آزاد کشمیر میں ٹریننگ کیمپ تباہ کرنے کا دعویٰ مایوس کن ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں دہشت گردوں کا کوئی کیمپ موجود نہیں ہے، چاہے تو بھارتی سفارتخانہ غیر ملکی میڈیا کے ساتھ آزاد کشمیر کا دورہ کر سکتا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارتی سفارتخانہ اپنے آرمی چیف کا دعویٰ ثابت کر کے دکھائے، بھارتی عسکری قیادت کے جھوٹے دعوے خطے کے امن کے لیے خطرہ ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا آزاد کشمیر میں کسی قسم کے کوئی کیمپ نہیں، یہ جھوٹے دعوے عسکری روایات کے منافی ہیں۔ بھارتی سفارتخانے کو دعوت دیتے ہیں کسی میڈیا یا سفیر کو لے جا کر دعوؤں کو ثابت کر کے دکھائے۔

میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا بھارتی فوجی قیادت مسلسل جھوٹ بول رہی ہے۔ بھارت پلوامہ واقعہ کے بعد بھی ایسے جھوٹے دعوے کرچکا ہے، بھارتی فوج کے جھوٹے دعوے علاقائی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں، بھارتی فوج کی جانب سے ایسے دعوے داخلی فائدے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی سینیئر فوجی افسران پلوامہ حملے کے بعد سے مسلسل جھوٹے دعوے کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارتی فوج نے پاکستانی حدود میں بلا اشعال فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں پاک فوج کے سپاہی سمیت 7 شہری شہید ہو گئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں