یوم یکجہتی کشمیر پر کابل میں پہلی بار خواتین نے ریلی نکالی

کابل (ویب ڈیسک)  یوم یکجہتی کشمیر پر افغانستان میں پہلی بار خواتین نے ریلی نکالی اور آزادی کشمیر کے حق میں نعرے بلند کیے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق کابل کی سڑکوں پر پہلی بار خواتین نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی نکالی، ریلی کے شرکاء نے پلے کارڈز اور بینرز اُٹھا رکھے تھے جن پر کشمیریوں کے حق میں نعرے درج تھے۔

ریلی میں شامل خواتین نے بھارتی جارحیت کے خلاف اور جدوجہد آزادی کشمیر کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔ مقررین نے عالمی قوتوں سے بھارتی جارحیت رکوانے اور بنیادی انسانی حقوق کی فراہمی کے لیے کردار ادا کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

مقررین کا مزید کہنا تھا کہ جنت نظیر وادی میں مظلوم کشمیریوں کو ان کا حق دینے کے بجائے نسل کشی کی جارہی ہے، نوجوانوں کا ماورائے عدالت قتل کیا جا رہا ہے اور خواتین کی عصمت دری کی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ آج دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا اس دوران کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور عالمی قوتوں کو بھارتی مظالم سے آگاہ کرنے کے لیے جلسے، احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں منعقد کی گئیں جن میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں