پشاور + باجوڑ (ڈیلی اردو/نمائندہ ڈیلی اردو) پیر کی صبح نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زخمی ہونیوالے جے یو آئی (ف) باجوڑ کے سینئر رہنماء مفتی سلطان محمد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے سی ایم ایچ پشاور میں شہید ہوگئے۔
پیر کے علی الصبح ضلع باجوڑ کے تحصیل ماموند علاقہ بدان میں جمعیت علمائے اسلام (ف) باجوڑ تحصیل وڑ ماموند کے امیر مفتی سلطان محمد کو نامعلوم افراد نے نشانہ بنایا۔
ذرائع کے مطابق مفتی سلطان محمد کو صبح اس وقت نشانہ بنایا گیا تھا جب وہ فجر کی نماز پڑھنے کے بعد گھر جارہے تھے۔ انہیں زخمی حالت میں ڈی ایچ کیو ہسپتال خار منتقل کیا گیا جس کے بعد مزید علاج کیلئے انہیں بذریعہ ہیلی کاپٹر سی ایم ایچ پشاور منتقل کیا گیا۔ پیر کے شب رات گئے وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
عوامی حلقوں کی جانب سے ان کے قتل پر شدید اشتعال پایا جاتا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ مقامی سیاسی رہنمائوں کو تحفظ فراہم کرنے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے۔ باجوڑ کو ایک بار پھر بدامنی کی طرف دھکیلا جارہا ہے جس کی اجازت ہرگز نہیں دی جائیگی۔
جے یو آئی باجوڑ نے بھی قاتلوں کی جلد از جلد گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مفتی سلطان محمد کے قاتلوں کو گرفتار نہ کیا گیا تو وہ جلد آئندہ کا لائحہ عمل وضع کریں گے۔