کریشن کے الزام میں ٹی وی چینل کا مالک گرفتار

تونس (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسی) تونس میں سرکاری استغاثہ نے منگل کی شب “الحوار التونسی” ٹی وی چینل کے مالک سامی الفہری کو گرفتار کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔ الفہری پر بدعنوانی، منی لانڈرنگ، سرکاری ملازم سے ناجائز فائدہ اٹھانے اور ملکی قوانین کی خلاف ورزی میں ملوث ہونے کا شُبہ ہے۔

تونس میں مالیاتی جرائم کی تحقیقات کرنے والے ادارے کے ترجمان سفیان السلیطی کے مطابق سامی الفہری کو تفتیش کے لیے پانچ روز تک ریمانڈ پر حراست میں رکھا گیا ہے۔

یاد رہے کہ ایک ہفتہ قبل تونس کے حکام نے سامی الفہری اور ان کی اہلیہ اسماء الفہری کے بیرون ملک سفر پر پابندی عاید کر دی تھی۔ سامی الفہری نے 2011 میں “التونسيۃ” کے نام سے ایک چینل قائم کیا تھا۔ بعد ازاں چینل کا نام بدل کر “الحوار التونسی” کر دیا گیا۔ الفہری ماضی میں بلحسن الطرابلسی کے شراکت دار رہ چکے ہیں جو تونس کے مرحوم سابق صدر زین العابدین بن علی کے داماد ہیں۔ الطرابلسی اس وقت فرانس میں مقیم ہیں۔

واضح رہے کہ 2012 میں سامی الفہری گرفتار ہونے کے بعد پورا ایک سال جیل میں گزار چکے ہیں۔ الفہری پر الزام تھا کہ ان کی متعلقہ ایک کمپنی نے سابق صدر بن علی کے دور میں قوانین کی خلاف ورزیوں کا ارتکاب کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں