نیب نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو 8 فروری کو طلب کرلیا

راولپنڈی (ڈیلی اردو) قومی احتساب بیوریو (نیب) راولپنڈی نے مسلم لیگی رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو طلب کرلیا، شاہد خاقان عباسی کو ایل این جی کیس میں تفتیش کے لیے طلب کیا گیا ہے، نیب نے شاہد خاقان عباسی کو جمعہ کی صبح 11 بجے راولپنڈی آفس میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال چیئرمین نیب جاوید اقبال کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں سابق وزرائے اعظم نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی کے خلاف بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات کی  تحقیقات کی منظوری دی گئی۔ 

نیب کے مطابق شاہد خاقان عباسی کے خلاف ایل این جی ٹرمینل کا ٹھیکہ قواعد و ضوابط کے خلاف دینے کے الزام میں تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، شاہد خاقان نے من پسند کمپنی کو 15 سال کا ٹھیکہ خلاف ضابطہ دیا جس سے قومی خزانے کو مبینہ طور پر اربوں روپے کا نقصان پہنچا۔ 

سابق وزیراعظم نوازشریف کے دور حکومت میں سابق وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے  قطر کے ساتھ ایل  این جی درآمد کے معاہدے پر دستخط کیے تھے، جس کے تحت پاکستان ہر سال قطر سے 3.75 ملین ٹن ایل این جی خریدے گا جو کہ پاکستان کی قومی ضرورت کا کل 20 فیصد ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں