راولپنڈی میں 7 سالہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والا ملزم گرفتار

راولپنڈی (ڈیلی اردو) راولپنڈی میں سات سالہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والا ملزم گرفتار کرلیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم نے جرم کا اعتراف کر لیا، ملزم مقتول بچی کا قریبی عزیز ہے جس نے بچی کو گھر میں زیادتی کے بعد قتل کردیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ ایئرپورٹ کے علاقے ڈھوک چوہدریاں میں سات سالہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کیا گیا، پولیس نے گھر سے بچی کی لاش برآمد کرلی ہے۔

ایس پی سید علی کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد کی روشنی میں بچی کے قریبی عزیز کو واقعے میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ گھر میں موجود بیڈ پر خون کے چھینٹوں کے ثبوت ملے ہیں اور ثبوتوں کی بنیاد پر تفتیش کو آگے بڑھایا جارہا ہے۔

سی پی او راولپنڈی رانا فیصل کے مطابق ملزم بچی کا قریبی عزیز ہے۔ بچی کا والد نور اللہ ایک غریب محنت کش ہے، اس کا کہنا ہے کہ وہ گھر آیا تو اپنی بیوی سے پوچھا بیٹی کہاں ہے، اس نے جواب دیا یہیں کہیں ہوگی، جب تلاش کیا تو گھر میں ہی مردہ حالت میں پائی گئی۔ واقعے کی ہر پہلو سے تفتیش جاری ہے۔

سی سی پی او کے مطابق ‏7 سالہ بچی کو گھر میں زیادتی کے بعد قتل کر دیا گیا تھا، پوسٹ مارٹم میں بچی سے زیادتی کی تصدیق ہو گئی۔ پولیس کی بروقت کارروائی سے ملزم کو فرار ہونے کا موقع نہ ملا۔

کرائم سین اور فرانزک سائنس لیبارٹری کی ٹیموں نے بھی شواہد اکٹھے کئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں