ملک بھر میں پولیو کے مزید 5 نئے کیسز سامنے آگئے

پشاور (ڈیلی اردو/ٹی این این) ملک میں پولیو کے 5 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جن میں سے دو کا تعلق خیبرپختونخوا سے ہیں۔

حکام نے بتایا کہ پولیو کے نئے کیسز میں 3 صوبہ سندھ اور 2 صوبہ خیبرپختونخوا میں سامنے آئے جس کے بعد وائرس کے پھیلاؤ کے سنگین خدشات میں اضافہ ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیو کے کیسز سندھ میں کراچی، شہید بینظیر آباد، جامشورو جبکہ خیبرپختونخوا میں بنوں اور لکی مروت سے رپورٹ ہوئے۔

حالیہ کیسز کی تصدیق کے بعد رواں برس ملک میں انسداد پولیو مہم اور حکومتی دعووں کے باوجود پولیو کے کیسز کی تعداد 91 تک پہنچ گئی ہے۔

ایک عہدیدار نے بتایا کہ‘ پولیو کے نئے کیسز 3 ماہ سے 12 برس کی عمر کے بچوں میں سامنے آئے’۔

انہوں نے بتایا کہ ‘ کراچی کے علاقے کیماڑی میں 12 سالہ لڑکے، شہید بینظر آباد کی تحصیل سکرںڈ میں 3 ماہ کی بچی اور ضلع جامشورو کی تحصیل کوٹری میں ڈھائی سالہ بچی میں پولیو کی تصدیق ہوئی’۔

عہدیدار نے بتایا کہ ‘ خیبرپختونخوا میں ضلع لکی مروت کی تحصیل سرائے نورنگ میں 3 ماہ کی بچی اور ضلع بنوں کی تحصیل وزیر میں 10 ماہ کے بچے میں پولیو کی وائرس کی تصدیق ہوئی’۔

ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے نیشنل کوآرڈینیٹر رانا محمد صفدر نے ملک میں پولیو کے 5 نئے کیسز کی تصدیق کی اور کہا کہ پولیو کے نئے کیسز کی تصدیق کے بعد صرف رواں برس میں ملک کے مختلف علاقوں سے رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 91 ہوگئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں