حکومت کا شہباز شریف سے پی اے سی سربراہی سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

‌اسلام آباد (ڈیلی اردو) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ شہبازشریف ملزم ہیں، مگر اسلام آباد آکر بیٹھ جاتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں‌ نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد خصوصی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا. فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اب سعد رفیق اور دیگر کو  بھی پی اے سی ممبر بنانے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔

اس بہانے ملزمان کے پروڈکشن آرڈر دینے کا مطالبے کیے جا رہے ہیں، اس صورتحال پرکابینہ نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری طورپر شہبازشریف سے استعفے کا مطالبہ کیا ہے.

انھوں نے کہا کہ شہبازشریف نیب کو مطلوب افراد میں شمارہوتے ہیں، وہ خود بھی نیب کے مطلوب افراد کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں.

انھوں نے کہا کہ ن لیگ نے جب حکومت سنبھالی، تو ابتدائی6 ماہ میں 5.8 فیصد مہنگائی ہوئی تھی، پی ٹی آئی نے حکومت سنبھالی، توابتدائی 6 ماہ میں 1.6 فیصد مہنگائی ہوئی، کچھ اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، کچھ میں کمی ہوئی ہے، اجلاس میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا جائزہ لیا گیا.

انھوں نے کہا کہ ایک موبائل ایپ تیارکر رہے ہیں، جس سے صارف قیمتیں چیک کر سکے گا، صارف دیکھ سکے گا کہ حکومت نے کیا قیمت مقرر کی، گیس کمپنیوں کی جانب سے اضافی بلز کی شکایات موصول ہوئی ہیں، گیس کمپنیوں کے آڈٹ کی منظوری دی گئی ہے، پورےپاکستان میں اس وقت صرف 40 فیصد افراد کو گیس میسر ہے، شاہد خاقان عباسی کی وجہ سے مہنگی ایل پی جی حاصل کر رہے ہیں، مطلب 23 فیصد لوگوں کے پیسے پورا پاکستان دے رہا ہے۔

وزیر ہاؤسنگ کو وزیراعظم عمران خان نےخصوصی ہدایات دی ہیں، منسٹر انکلیو میں ایسے لوگ ہیں. جو سرکاری گھروں پر قبضہ کرکے بیٹھے ہوئے ہیں، مشاہداللہ اوررضاربانی جیسے اور بھی بہت لوگ سرکاری گھروں میں رہ رہے ہیں.

انھوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ اوور سیز پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں، اوورسیز پاکستانی شہری ملک واپس آتے ہیں، تو ان کی مہارت سے فائدہ اٹھایا جائے گا، کوشش کریں گے اوورسیز پاکستانی ملک واپس آئیں اور عوام کی خدمت کریں، ترقیاتی کام کرنے والے اوورسیز پاکستانیوں سے متعلق ایک کمیٹی بنائی گئی ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں