شام میں ترکی کے زیر قبضہ علاقے راس العین میں کار بم دھماکا، 17 افراد شہید، 20 زخمی

دمشق + استنبول (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسیاں) شام کے شمال میں ترکی کے زیر قبضہ علاقے میں خودکش کار بم دھماکے میں 17 افراد شہید اور 20 سے زائد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

ترکی کی وزارتِ دفاع نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر اطلاع دی ہے کہ کار بم دھماکا راس العین شہر کے مغرب میں واقع گاؤں تل حلف میں ہوا ہے۔ اس علاقے پر اکتوبر سے ترکی کی فوج کا کنٹرول ہے۔ترک وزارت دفاع نے کرد ملیشیا پر اس بم حملے کا الزام عاید کیا ہے۔

ترکی کے ایک سیکیورٹی نے سوموار کو ایک بیان میں کہا تھا کہ ان کا ملک امریکا اور روس کے ساتھ گذشتہ ماہ شام کے شمال مشرقی علاقے سے متعلق طے شدہ جنگ بندی کے سمجھوتوں کی مکمل پاسداری کررہا ہے اور وہ اس علاقے میں کرد ملیشیا کے خلاف دوبارہ فوجی کارروائی کا ارادہ نہیں رکھتا ہے۔

ترکی نے گذشتہ ماہ روس اور امریکا کے ساتھ شام کے شمال مشرقی سرحدی علاقے سے کردوں کے زیر قیادت وائی پی جی ملیشیا کو پیچھے ہٹانے کے لیے دو سمجھوتے کیے تھے۔اس کے بعد ترک فوج نے کردملیشیا کے خلاف فوجی کارروائی روک دی تھی۔

واضح رہے کہ ترکی اور اس کے اتحادی شامی گروپوں نے تین فوجی کارروائیوں کے بعد جنگ زدہ ملک کے شمال مشرق میں واقع علاقے میں تل ابیض سمیت متعدد شہروں اور قصبوں پر قبضہ کررکھا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں