پاک بحریہ کی پسنی میں کارروائی، اربوں روپے مالیت کی حشیش قبضے میں لے لی

کراچی (ڈیلی اردو) پاک بحریہ نے انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن میں 3 کروڑ ڈالر جوکہ تقریبا 4 ارب 18 کروڑ 74 لاکھ پاکستانی روپے مالیت کی 2 ہزار کلوگرام حشیش قبضے میں لے لی۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیوی نے گزشتہ روز قبضے میں لی گئی حشیش کو مزید کارروائی کے لیے اینٹی نارکوٹکس کے حوالے کردیا۔

انہوں نے بتایا کہ حشیش بلوچستان میں پسنی کے قریب سمندری راستے کے ذریعے منتقل کی جارہی تھی۔

پاک بحریہ کے ترجمان کے مطابق یہ آپریشن نہایت محتاط حکمت عملی ، کڑی نگرانی اور انٹیلی جنس کی بنیاد پر کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق منشیات کے خلاف یہ آپریشن ہمارے ملک سے ملحقہ ساحلی علاقوں میں ہونے والی غیر قانونی سر گرمیوں کے خلاف پاک بحریہ کے سرگرم رہنے کے عزم کا مظہر ہے۔

پاک بحریہ اپنی قومی اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کو پورا کرنے اور بحر ہند میں قانون کی بالادستی قائم رکھنے کے لیے پر عزم ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس نومبر میں بھی پاک بحریہ نے اورماڑہ کے قریب آپریشن کے دوران لاکھوں ڈالرز مالیت کی ایک ہزار 5 سو کلو گرام حشیش قبضے میں لی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں