الطیرہ میں فائرنگ سے دو فلسطینی شہری شہید

مقبوضہ بیت المقدس (ڈیلی اردو) فلسطین کے سنہ 1948ء کی جنگ میں اسرائیلی قبضے میں آنے والے علاقے الطیرہ میں گذشتہ شام نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں مزید دو فلسطینی شہری شہید ہوگئے۔

مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق جمعرات کی شام نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے 33 سالہ سمارہ غازی سمارہ اور 49 سالہ عقل دعاس کو شہید کردیا۔

الطیرہ شہر میں دوار بلدیہ میں واقع شاورما ہوٹل میں کام کرنے والے سمارہ کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگئے۔ انہیں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

ایک دوسرے فلسطینی دعاس کو بھی نامعلوم افراد نے اسی علاقے میں فائرنگ کر کے شہید کیا۔

خیال رہے کہ فلسطین کے 1948ء کے مقبوضہ علاقے میں گذشتہ کچھ عرصے سے ایک مافیا سرگرم ہے جو فلسطینیوں کو فائرنگ کرکے شہید کررہا ہے۔ فلسطینیوں کی مجرمانہ نسل کشی کے اس واقعے میں رواں سال کے دوران اب تک 11 خواتین سمیت 87 فلسطینی مارے جا چکے ہیں جب کہ گذشتہ برس 14 خواتین سمیت 76 فلسطینیوں کو شہید کیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں