تحریک طالبان پاکستان درہ آدم خیل میں دوبارہ متحرک، لوگوں کو اسلامی تعلیمات پر عمل کرنیکی ہدایات

اسلام آباد (ش ح ط) پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور سے متصل علاقہ درہ آدم خیل میں کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان نے ایک مرتبہ پھر شریعت کے نفاذ کے لئے اپنی سرگرمیاں شروع کر دی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان نے درہ آدم خیل میں ایک بار پھر سے متحرک ہوگئی اور کالعدم تنظیم کے طارق منصور گروپ کی جانب سے شہریوں کو اسلامی تعلیمات پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ اس حوالے سے گزشتہ روز شہر میں کالعدم تنظیم کی جانب سے مبینہ طور پر پمفلٹ تقسیم کئے گئے جس میں کہا گیا ہے کہ تنظیم اسلام اور شریعت کی سربلندی کیلئے کارروائیوں کیلئے تیار ہے آپ لوگوں نے اسلامی قوانین سے سرکشی اختیار کر رکھی ہے لہٰذا درج ذیل ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے۔

1: شادیوں میں ہیجڑوں وخواتین کاناچ گانا، موسیقی پروگرامات سختی سے منع ہیں خلاف ورزی کرنے والوں کو عبرتناک سزا دی جائے گی۔

2: کوئی بھی عورت محرم کے بغیر گھر سے نہیں نکلے گی۔

3: شراب نوشی، چرس پینا ،بیچنا و دیگر منشیات سختی سے ممنوع ہیں۔

4: بازاروں، دکانوں و گاڑیوں میں گانے بجانے پر مکمل پابندی ہے۔

کالعدم تنظیم کی جانب سے شہریوں کو تنبیہ کی گئی ہے کہ وہ ان ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کریں بصورت دیگر سخت سزا دی جائے گی۔

درہ آدم خیل کوہاٹ اور پشاور کے درمیان میں واقع ہے اس شہر کو اسلحہ کی وجہ سے پوری دنیا میں شہرت حاصل ہے۔ کچھ سال قبل سیکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں آپریشن ضرب عضب اور آپریشن ردالفساد کے بعد علاقے کو شرپسند عناصر سے پاک کر دیا گیا اور کافی عرصے سے علاقے میں امن وامان کی صورتحال کافی بہتر ہوچکی ہے مگر اب اچانک پھر سے اس کالعدم تنظیم نے مبینہ پمفلٹ کے ذریعے اپنی سرگرمیوں کا دوبارہ سے آغاز کرنے کا اعلان کیا ہے۔

مذکورہ اعلان کے بعد علاقہ عوام میں شدید خوف وہراس پایا جاتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں