خیبر پختونخوا میں فورتھ شیڈول فہرستوں کی از سر نو تیاری شروع

پشاور (ڈیلی اردو) صوبہ خیبر پختونخوا میں فورتھ شیڈول فہرستوں کی از سر نو تیاری کا کام شروع کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا پولیس نے پشاور سمیت صوبہ بھر میں فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی ازسرنو چھان بین کا فیصلہ کیا ہے۔ سی سی پی او پشاور سمیت تمام ریجنل پولیس آفیسرز سے 14 روز میں تفصیلی رپورٹ طلب کرلی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فہرستوں میں مذہبی منافرت پھیلانے والوں، بین المسالک، بین المذاہب ہم آہنگی کے ماحول کو پارہ پارہ کرنے والا لٹریچر شائع کرنے والوں، اسکو پھیلانے والوں، ایسے افراد جو سرکاری املاک پر قبضہ کرنے، یا قبضہ گروپوں کی معاونت کرنیوالوں اور ایسے افراد جو منی لانڈرنگ جیسے معاملات میں ملوث ہو کر حکومت کی پالیسی کے برعکس کام کر کے قومی خزانے کا نقصان پہنچا رہے ہیں، ان کے نام بھی فورتھ شیڈول میں شامل کرنے کے لئے کام کیا جائے۔

 اس ضمن میں انسپکٹر جنرل آف پولیس ڈاکٹر محمد نعیم کا کہنا تھا کہ ازسر نو چھان بین کا مقصد غیر ضروری افراد کو نکال کر مطلوب افراد کو شامل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک شیڈول فورتھ میں 3700 کے قریب افراد کے نام شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں