بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا 144 واں یوم ولادت آج منایا جارہا ہے

کراچی (ڈیلی اردو) بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا آج 144 واں یوم ولادت منایا جا رہا ہے۔ قائداعظم نے پاکستان کے حصول کیلئے انتھک جدوجہد کی۔ محمد علی جناح پاکستان بننے ایک ہی سال بعد دنیائے فانی کوچ کرگئے۔

بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا 144واں یوم پیدائش آج منایا جارہا ہے۔ محمد علی جناح جیسی شخصیت صدیوں میں کوئی ایک پیدا ہوتی ہے اور کسی قوم کو انعام کی صورت میں ملتی ہے۔ قائداعظم کی بدولت ہی برصغیر کے مسلمانوں کو پاکستان کی صورت میں شناخت حاصل ہوئی ہے۔

پچیس دسمبر 1876 میں کراچی میں پیدا ہونے والے محمدعلی جناح برصغیر کے مسلمانوں کیلئے محسن ثابت ہوئے۔ محمد علی جناح نے اپنی سیاسی سرگرمیوں کا آغاز انیس سو چھ میں کانگریس میں شمولیت سے کیا تاہم انیس سو تیرہ میں آل انڈیا مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کرلی۔ آپ نے خود مختار ہندوستان میں مسلمانوں کے سیاسی حقوق کے تحفظ کی خاطر مشہور چودہ نکات بھی پیش کیے۔ قائداعظم شعبہ کے اعتبار سے نامور وکیل اور سیاستدان تھے۔ قائد اعظم محمد علی جناح کی انتھک محنت اور کاوشوں کے نتیجےمیں برصغیر کے مسلمانوں نے 14 اگست 1947ء کو آزاد اسلامی مملکت ریاست حاصل کی۔ قائداعظم ایک ایسے عظیم رہنما تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی برصغیر کے مسلمانوں کے حقوق کے حصول کے لیے صرف کر دی۔

قائد اعظم کی قیادت میں برِصغیر کے مسلمانوں نے نہ صرف برطانیہ سے آزادی حاصل کی، بلکہ تقسیمِ ہند کے ذریعے پاکستان کا قیام بھی عمل میں آیا اور آپ پاکستان کے پہلے گورنر جنرل بنے۔قائد اعظم پاکستان کی بس ایک ہی بہار دیکھ پائے اور مسلمانانِ پاکستان 11 ستمبر 1948ء کو اپنے اس عظیم رہنما کی قیادت سے محروم ہوگئے۔ آج مختلف تقریبات میں بابائے قوم کو بھر پور طریقے سے خراج عقیدت پیش کیا جارہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں