لاہور (ڈیلی اردو) ملک بھر میں مسیحی برادری کی جانب سے کرسمس کا تہوار جوش و خروش سے منایا جارہا ہے۔
کیتھیڈرل چرچ لاہور میں کرسمس دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں بچے بڑے اور خواتین کی بڑی تعداد شریک ہوئے۔
پاکستان بھر میں کرسمس کی تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔ کرسمس کے موقع پر ملک بھر کے گرجا گھروں میں رات 12 بجتے ہی خصوصی عبادات کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا جس میں پاکستان کی سلامتی اور استحکام کے لئے بھی خصوصی دعائیں کی گئیں۔
کرسمس کے موقع پر گرجا گھروں، شاپنگ مالز کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے، جبکہ مسیحی برادری نے گھروں میں بھی سجاوٹ کا خصوصی اہتمام کیا ہے۔ کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری ایک دوسرے کو تحائف پیش کرتے ہیں اور دعوتوں کا اہتمام کیا جاتا ہے جبکہ سانتا کلاز کا روپ دھارے لوگ بچوں اور بڑوں میں تحائف بھی تقسیم کرتے ہیں۔
کرسمس کے موقع پر سیکیورٹی کے بھی خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔
کیتھیڈرل چرچ لاہور میں کرسمس کو خوش آمدید کہنے کیلئے بچے بڑے سب ہی رنگا رنگ پروگرامز میں شریک ہوئے۔ لاہور کے گرجا گھرمیں کرسمس کی تقریب منعقد ہوئی جس میں سینکڑوں مسیحی شہریوں نے دعائیہ عبادات میں شرکت کی، دیدہ ذیب ملبوسات پہنے بچے بڑے سبھی اس تقریب میں موجود رہے اور کرسمس کے گیت اس تہوار کی علامتی اہمیت میں اضافہ کرتے رہے۔
پشب آف لاہور عرفان جمیل کہتے ہیں کرسمس کا تہوار سب کو مل کر منانا چاہیے، یہ محبت اور بھائی چارے کا پیغام دیتا ہے۔ کرسمس کی دعائیہ تقریب کے شرکا کا کہنا تھا کرسمس امن کا پیغام لاتا ہے۔
دیگر شہروں کی طرح کراچی میں بھی کرسمس پر خاص تیاریاں کی گئی ہیں، مختلف مقامات پر سجے سجائے کرسمس ٹری لوگوں کی توجہ اپنی جانب کھینچ رہے ہیں اور چرچ برقی قمقموں سے سجائے گئے ہیں۔
جڑواں شہروں اسلام آباد اور راول پنڈی میں بھی کرسمس کے رنگ نمایاں ہیں۔
گوجرانوالا میں 12 بجتے ہی گرجا گھروں میں دعائیہ تقریبات کے ساتھ آتش بازی کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔
کوئٹہ میں بھی مسیحی برادری جوش و جذبے سے کرسمس منا رہی ہے۔ رات گئے تک نئے کپڑوں کے ساتھ ساتھ مٹھائیوں اور کیک کی خریداری جاری رہی۔
پشاور سمیت پورے خیبر پختونخوا میں کرسمس روایتی جوش وجذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ گرجا گھروں میں خصوصی تقریبات اور عبادات کا اہتمام کیا گیا جگہ جگہ کرسمس کے کیک کاٹے گئے۔ مسیحی برادری نے گھروں میں چراغاں کیا اور خواتین نے کرسمس ٹریز سجانے کا بھی خوب اہتمام کیا۔
رنگ روڈ پر واقع گرجا گھر میں کرسمس کی تقریب منعقد ہوئی جس میں بچیوں نے ٹیبلو پیش کیا اور ملک کے سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
کرسمس کے موقع پر ملک بھر میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور گرجا گھروں کے باہر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا ہے جب کہ شاہراؤں پر پاک فوج کے جوان بھی پیٹرولنگ کر رہے ہیں۔