پاراچنار: کرسمس کی پر وقار تقریب کا اہتمام، مسیحی برادری میں تحائف تقسیم

پاراچنار (محمد صادق) خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع کرم کے ہیڈ کوارٹرز پاراچنار میں بھی کرسمس کے حوالے سے پروقار تقریبات کا انعقاد کیا گیا جس میں ضلعی انتظامیہ، پولیس پاک فوج کے افسران اور مقامی قبائل نے بھی شرکت کی، نسیم یوسف ویلفئیر ٹرسٹ کی جانب سے عیسائی برادری میں کرسمس کے تحائف تقسیم کئے گئے۔

تفصیلات کے مطابق کرسمس کے موقع پر پاراچنار میں عیسائی برادری کے عبادت گاہوں اور گھروں میں کرسمس کی تقریبات منعقد کی گئی جس میں عیسائی برادری کی جانب سے ملک و قوم کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئی۔

کرسمس تقریبات میں ڈی سی کرم شاہ فہد، ڈی پی او محمد قریش، پاک فوج کے کمانڈنگ آفیسر کرنل محمد جاوید الیاس نے خصوصی طور پر شرکت کی اور کرسمس کا کیک کاٹا اس موقع پر اپنے خطاب میں ڈی سی کرم شاہ فہد اور پاک فوج کے کمانڈنگ آفیسر کرنل محمد جاوید الیاس نے کہا کہ عیسائی برادری کے مسائل سے آگاہ ہیں اور ان کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔

کرسمس تقریبات کے موقع پر معروف سماجی کارکن یوسف لالا، نسیم یوسف ویلفئیر ٹرسٹ کے اراکین نے پاراچنار کے سینٹ تھامس چرچ میں کرسمس تقریبات میں حصہ لیا اور عیسائی برادری میں کرسمس کے تحائف تقسیم کیں، جس پر عیسائی برادری نے انتہائی خوشی کا اظہار کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نسیم یوسف ویلفئیر ٹرسٹ کے بانی یوسف لالا، پیپلز پارٹی کے صدر حاجی جمیل حسین نے کہا کہ عیسائی برادری ہمارا حصہ ہے ان کی خوشی ہماری خوشی ہے اور ان کے ان کاوشوں کا مقصد عوام میں انسانیت کی خدمت کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عیسائی برادری کے پادری ریاض مسیح نے کرسمس کے موقع پر قبائلی عوام کی پیار اور محبت کو سراہا اور کہا کہ ضلع کرم میں عیسائی برادری مکمل آزادی کے ساتھ اپنی مذہبی رسومات ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یسوع مسیح کا پیغام محبت کا پیغام ہے اور ہم نے سب اس پیغام کو گھر گھر پہنچانا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں