ہمارا مقصد بدعنوان عناصر اور اشتہاری ملزمان کو منطقی انجام تک پہنچانا ہے: جاوید اقبال

اسلام آباد (ڈیلی اردو) چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب نے ایک منزل کا تعین کیا ہے جس کا مقصد بدعنوان عناصر، اشتہاری اور مفرور ملزمان کو منطقی انجام تک پہنچانا ہے۔

چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ نیب ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کے لئے فیس نہیں بلکہ کیس دیکھنے اور احتساب سب کے لئے کی پالیسی پرعمل پیرا ہے، نیب نے ایک منزل کا تعین کیا ہے جس کا مقصد بدعنوان عناصر اشتہاری اور مفرور ملزمان کو منطقی انجام تک پہنچانا ہے۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب نے گزشتہ 27 ماہ میں بدعنوان عناصر سے قوم کے 153 ارب روپے برآمد کرکے قومی خزانے میں جمع کرائے، 630 ملزمان کو گرفتار کرنے کے علاوہ تقریباً 600 بدعنوانی کے ریفرنسز احتساب عدالتوں میں جمع کرائے، اس کے علاوہ نیب کے اس وقت 25 احتساب عدالتوں میں بدعنوانی کے 1261 ریفرنسز زیر سماعت ہیں۔

چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ نیب کا تعلق کسی سیاسی جماعت، گروہ اور فرد سے نہیں، ہمارا تعلق صرف اور صرف ریاست پاکستان سے ہے، نیب کا مقصد ملک و قوم کی لوٹی گئی رقوم کی واپسی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں