ترکی: داعش سے تعلق رکھنے والے 20 مشتبہ دہشت گرد گرفتار

استنبول (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسیاں) ترکی میں پولیس نے جمعرات کے روز اعلان کیا ہے کہ داعش تنظیم سے تعلق کے شبہے میں استنبول شہر میں 20 کے قریب افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ یہ گرفتاریاں نئے سال کی آمد کے موقع پر تقریبات سے قبل شدت پسندوں کے خلاف مہم کے سلسلے میں عمل میں آئی ہیں۔

ترکی پولیس نے منگل اور بدھ کے روز ملک کے سب سے بڑے شہر میں 48 مقامات پر چھاپے مارے۔ کارروائی کے نتیجے میں 20 افراد کو حراست میں لیا گیا جن کے بارے میں شبہہ ہے کہ ان کا تعلق شدت پسند تنظیم (داعش) سے ہے۔

سال 2017 میں 31 دسمبر کی رات استنبول کے ایک نائٹ کلب میں دہشت گرد حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں 39 افراد ہلاک ہوگئے۔ داعش تنظیم نے اس کارروائی کی ذمے داری قبول کی تھی۔

رواں سال اکتوبر سے ترکی نے شمالی شام میں اپنے فوجی حملے کے بعد داعش تنظیم کے مسلح افراد کو ان کے حقیقی وطنوں کو واپس لوٹانے کے لیے اپنی کوششیں تیز کر دی ہیں۔

انقرہ حکومت نے مغربی ممالک پر کڑی نکتہ چینی کی ہے کہ انہوں نے شام اور عراق میں داعش تنظیم کی صفوں میں لڑنے والے اپنے جنگجوؤں کو واپس لینے سے انکار کر دیا۔ ترکی ان ممالک سے بارہا مطالبہ کر چکا ہے کہ وہ اس حوالے سے اپنی ذمے داریاں پوری کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں