جماعت اسلامی نے نیب قوانین سے متعلق ترمیمی آرڈیننس کو مسترد کردیا

لاہور (ڈیلی اردو) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت نے نیب آرڈیننس کی آڑ میں خاموش این آر او دیا ہے۔ کیا ملک میں ایمرجنسی لگی ہے کہ پارلیمنٹ اور سینیٹ کو بے توقیر کر کے آرڈیننس لائے جارہے ہیں؟

جماعت اسلامی نے نیب قوانین سے متعلق ترمیمی آرڈیننس کو مسترد کر دیا۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اگر ملک میں کوئی ایمرجنسی یا ہنگامی صورتحال نہیں تو قومی اسمبلی اور سینیٹ کو نظر انداز کر کے نیب آرڈیننس کا سہارا کیوں لیا گیا؟

سراج الحق نے کہا کہ آئی ایم ایف کے کہنے پر غریب عوام کا خون نچوڑا جارہا ہے۔ بیساکھیوں کے سہارے کھڑی جمہوریت سے ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ موجودہ وزیراعظم کے ہاتھ میں عوامی مسائل حل کرنے کی کوئی لکیر نہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر پر حکومتی پالیسی ناکام ہوچکی ہے۔ جن دوستوں نے مسئلہ کشمیر پر ہمارا ساتھ دیا، اب وہ ہمارے ساتھ نہیں رہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں