ایکٹ میں ترمیم: آرمی چیف کی مدت ملازمت میں 3 سال تک کی توسیع کی جاسکے گی

اسلام آباد (ڈیلی اردو) قائم مقام اسپیکر قاسم خان سوری کی صدارت میں ہاؤس بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں موجودہ اجلاس دس جنوری تک جاری رکھنے پر اتفاق کرلیا گیا۔

قائم مقام اسپیکر قاسم خان سوری کی زیرصدارت اجلاس میں قومی اسمبلی کے 18ویں اجلاس کے ایجنڈے اور دورانیے پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ قومی اسمبلی کا موجودہ اجلاس 10 جنوری تک جاری رکھنے پر اتفاق کرلیا گیا۔

ذرائع کے مطابق آرمی ایکٹ میں ترمیم کردی گئی جس کے بعد آرمی چیف کی مدت ملازمت میں تین سال تک کی توسیع کی جا سکے گی۔

وزیراعظم کی صوابدید ہوگی کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں 3 سال تک توسیع کی ایڈوائس کر سکیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کیلئے آرمی ایکٹ کے سیکشن 172 میں ترمیم کی گئی ہے۔

آرمی ایکٹ میں ترمیم کی روشنی میں سروسز رولز کی دفعہ 155 میں ترمیم کی منظوری بھی دی گئی۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ آرمی ایکٹ میں ترمیم کا بل جمعے کو قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ کل اپوزیشن کو آرمی ایکٹ میں ترمیم کا مسودہ دیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں