ایوان صدر کو آرڈیننس فیکٹری میں تبدیل کردیا گیا ہے: رضا ربانی

اسلام آباد (ڈیلی اردو) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر رضا ربانی کا کہنا ہے کہ آئین پر عملدر آمد نہیں ہو رہا پارلیمنٹ کو غیر مؤثر بنادیا گیا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر رضا ربانی کا سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آئین پر عملدرآمد نہیں ہو رہا پارلیمنٹ کو غیر مؤثر بنا دیا گیا اور افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ آئین موجود بھی ہے اور آئین معطل بھی ہے۔

رضا ربانی کا کہنا تھا کہ 2 سیشن کے دوران 120 دن کا وقفہ نہیں ہو سکتا اور اس دوران صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 16 آرڈیننس جاری کیے۔ ایوان صدر کو آرڈیننس فیکٹری میں تبدیل کردیا گیا۔

رضا ربانی کا کہنا تھا کہ آپ کو مسئلہ کشمیر پر ملائيشیا، ترکی اور ایران نے سپورٹ کیا، یہ اچھا فیصلہ تھاکہ وزيراعظم نے کوالالمپور جانے کا فیصلہ کیا، اسی دوران آپ نے سیاسی خود مختاری کو سعودی عرب کے سامنے گروی رکھ دیا، آپ نے کہا کہ سعودی عرب نے منع کردیا ہے آپ وہاں نہیں جائيں گے۔

پی پی کے سینیٹر رضا ربانی کا مزید کہنا تھا کہ اکتوبر سے لے کر اب تک جان بوجھ کر اجلاس نہیں بلایا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں