شام: ادلب میں سکول پر راکٹ حملے میں 5 بچوں سمیت 9 افراد شہید، 15 زخمی

دمشق (ڈیلی اردو) شام میں اتحادی افواج کی جانب سے ایک سکول پر راکٹ حملے میں 5 بچوں سمیت 9 افراد شہید ہوگئے جبکہ 15 سے زائد زخمی ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق شام میں جنگجوؤں کے آخری ٹھکانے ادلب میں اتحادی افواج کے ایک آپریشن کے دوران راکٹ حملے کی زد میں ایک سکول بھی آیا گیا جس کے نتیجے میں 5 بچوں اور 2 خواتین سمیت 9 افراد شہید ہوگئے۔

راکٹ حملے کے وقت سکول میں بچے اور اساتذہ کی بڑی تعداد موجود تھی، شہدا میں خواتین اساتذہ بھی شامل ہیں جبکہ 15 افراد زخمی ہیں۔ شہید اور زخمی ہونے والوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، زخمیوں میں سے 6 کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ شام میں اتحادی افواج اور داعش جنگجوؤں کے درمیان آخری معرکے میں خوں ریز جھڑپیں جارہی ہیں جس کے باعث 3 لاکھ سے زائد شہریوں کو ادلب سے ہجرت کرنا پڑی ہے جب کہ سیکڑوں افراد شہید اور ہزاروں زخمی ہوچکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں